آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے انتظامی و سیکیورٹی حکام کے ہمراہ دارالحکومت مظفرآباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور انتخابی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر کے ہمراہ کمشنر مظفرآباد، ڈپٹی کمشنر، آزاد کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران، الیکشن کمیشن کے حکام اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ وفد نے دربار سخی سرکار، اولی، نلوچھی، گوجرہ اور دیگر پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا، جہاں پولنگ کے عمل، بیلٹ کے استعمال، ووٹرز کی سہولت، سیکیورٹی انتظامات اور انتخابی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ: 20 نشستوں پر پولنگ جاری، ایل اے 27 میں ووٹنگ ملتوی
انتخابی عملے کی خدمات کی تعریف اور شفافیت کا اعادہ:
اس موقع پر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے پولنگ افسران اور سیکیورٹی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول کے باوجود انتخابی عمل پرامن، منظم اور شفاف انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے اور ہر ووٹر کو بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات کی کامیاب تکمیل الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ووٹرز اسی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ جمہوری عمل میں حصہ لیتے رہیں گے، جس سے انتخابی عمل مزید مضبوط ہوگا۔
امن و امان کی اپیل اور ووٹرز کا جوش و خروش:
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن، برداشت اور قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے انتخابی ماحول کو خوشگوار رکھیں اور کسی بھی افواہ یا اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد، شفاف اور پرامن انتخابات ہی جمہوری نظام کے استحکام اور عوامی اعتماد کی بنیاد ہیں۔
مزید پڑھیں: شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں پولنگ ملتوی
دورے کے دوران مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز، خصوصاً خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد میں موجودگی دیکھی گئی۔ شہریوں نے انتخابی عمل میں بھرپور دلچپسی کا اظہار کیا، جبکہ مجموعی طور پر پولنگ کا ماحول پُرامن، منظم اور پرجوش رہا۔




