آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ: 20 نشستوں پر پولنگ جاری، ایل اے 27 میں ووٹنگ ملتوی

آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے میں انتخابی دنگل سج گیا ہے، جہاں 21 میں سے 20 حلقوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ ایک حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد ون میں پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ الیکشن کے اس اہم موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ کے عمل کا آغاز صبح 8 بجے ہو گیا ہے جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔

امیدوار، ووٹرز کی تعداد اور انتخابی انتظامات:

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، جبکہ مظفرآباد ڈویژن میں 208 اور مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار مد مقابل ہیں۔ مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن کے لیے 1483 پولنگ اسٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 جماعتیں اور ان کے علاوہ آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز، ضلع نیلم کی 2 نشستوں کے لیے ایک لاکھ 51 ہزار 911 ووٹرز، جبکہ جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں پولنگ ملتوی

سیکیورٹی کی صورتحال اور چیف الیکشن کمشنر کا بیان:

انتخابی انتظامیہ کی جانب سے 3 انتخابی حلقوں ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے لیے 8 سیکیورٹی اہلکار، حساس کے لیے 6 اور نارمل پولنگ اسٹیشنز کے لیے 4 اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز سے حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شہری اپنا قومی فرض ادا کرے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے بہتر مستقبل اور اہل قیادت کا انتخاب کرے، پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، جس کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ایل اے 27 میں پولنگ التوا اور ایل اے 31 کا عملہ:

حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد ون میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے، کیونکہ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پولنگ کا عملہ وقت پر نہیں پہنچ سکا۔ علاوہ ازیں، ایل اے 31 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بھی انتخابی عملہ تاحال نہ پہنچ پایا ہے، جس پر پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن آف آزاد جموں و کشمیر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے حلقہ ایل اے 28 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کرتے ہوئے 71 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے مطالبات اور کشمیری مہاجرین کی نشستیں:

شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے کے باعث مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں صبح سے انتظار کرنے والے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی تعداد میں شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متاثرہ 71 پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے اور پولنگ کے ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کے لیے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ کوئی ووٹر محروم نہ رہے۔

مزید کہا گیا کہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے، پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے اور اس سنگین انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب ملک بھر میں کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ جاری ہے، جہاں گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، پسرور، نارووال، قصور، علی پور چٹھہ، منڈی بہاؤ الدین، فیروزوالا، ملتان، بہاولنگر اور لاڑکانہ میں ووٹرز انتخابی میدان میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔