مظفرآباد اور جہلم ویلی میں انتخابات کا جوش و خروش: پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کا غیر معمولی رش

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے موقع پر مظفرآباد اور جہلم ویلی میں عوامی جوش و خروش دیدنی ہے، جہاں شہریوں نے انتشاری عناصر اور بائیکاٹ کی کالز کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے جمہوریت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ مظفرآباد کے مختلف حلقوں میں شہری صبح سے ہی بڑی تعداد میں اپنے جمہوری اور بنیادی حق کا استعمال کرنے کے لیے گھروں سے نکل رہے ہیں۔

جہلم ویلی کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹرز کا غیر معمولی اور تاریخی رش دیکھا جا رہا ہے۔ انتخابی مراکزمیں مرد و خواتین کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، جو ووٹ کی طاقت سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے میں مصروف ہیں۔

انتشاری بیانیے کی ناکامی اور عوامی شرکت:

مظفرآباد ڈویژن کے شہریوں نے الیکشن کے خلاف متحرک انتشاری ٹولے کے تمام دعووں کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ عوام کی پولنگ اسٹیشنز پر کثیر تعداد میں آمد اور ووٹ کاسٹ کرنے کا عمل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خطے کے لوگ صرف پرامن، آئینی اور جمہوری لائحہ عمل کی حمایت کرتے ہیں۔

ووٹرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے سیاسی اور انتظامی مستقبل کا فیصلہ صرف اور صرف بیلٹ بکس کے ذریعے کریں گے۔ پولنگ اسٹیشنز پر پرامن ماحول میں شہریوں کا جوش و خروش انتخابی عمل کی کامیا بی پر مہر ثبت کر رہا ہے۔

جہلم ویلی میں انتخابی سرگرمیاں اور ووٹرز کا ردعمل:

جہلم ویلی کے انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل بلا تعطل اور منظم انداز میں جاری ہے۔ پولنگ کے ابتدائی ساعات سے ہی مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی قطاریں قائم ہو چکی تھیں، جس میں دن کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ کے عوام محب وطن ہیں، مسائل کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے،امیر مقام

عوامی حلقوں کے مطابق جہلم ویلی میں ووٹرز کا ایسا غیر معمولی رش اور انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خطے میں جمہوریت کی مضبوطی کا واضح عکاس ہے۔ شہریوں کی یہ بھرپور شرکت منفی سیاست اور انتشار پھیلا کر ووٹنگ کو متاثر کرنے کی کوششوں کا عملی جواب ہے۔