پولنگ

آزاد کشمیر انتخابات : دوسرے مرحلے کی پولنگ آج مظفر آباد ڈویژن میں ہوگی

مظفرآبا د(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 2026 کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت مظفر آباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 مخصوص نشستوں پر پولنگ آج ہوگی۔

اس سلسلے میں انتخابی سامان کی ترسیل اور پولنگ عملے کی تعیناتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفر آباد ڈویژن کے اضلاع مظفر آباد، نیلم اور جہلم ویلی کے 9 انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے۔

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق ووٹرز کی سہولت کیلئے پورے ڈویژن میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

ان 9 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد اُمیدواروں سمیت مجموعی طور پر 208 اُمیدوار انتخابی میدان میں حصہ لے رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد اور گرد و نواح میں کل پرامن پولنگ متوقع، پولنگ بیگز کی تقسیم کا عمل جاری

دوسری جانب پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کیلئے مختص 12 نشستوں پر بھی آج ہی پولنگ ہوگی۔

ان میں جموں کی 6 نشستیں، ایل اے 34 جموں 1 سے ایل اے 39 جموں 6 تک جبکہ ویلی کی 6 نشستیں، ایل اے 40 ویلی 1 سے ایل اے 45 ویلی 6 تک شامل ہیں۔

ان حلقوں کے ووٹرز ملک کے مختلف شہروں میں قائم پولنگ اسٹیشنوں پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتخابات مرحلہ وار منعقد کیے جا رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پولنگ اسٹیشنوں پرقبضہ کیاتوخاموش نہیں بیٹھیں گے،بلاول کااعلان

انکا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز مظفر آباد میں غیر یقینی صورتحال موجود تھی تاہم آج امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے اور الیکشن کے پُرامن انعقاد کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔