اسلام آباد: وفاقی بجٹ 27-2026 میں پنشنرز کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کے باضابطہ اعلان کے باوجود یکم اگست کو ملک بھر کے لاکھوں ریٹائرڈ ملازمین کو اضافہ شدہ رقم نہیں مل سکے گی اور انہیں معمول کے مطابق پرانی شرح پر ہی پنشن ادا کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس تاخیر کی بنیادی وجہ پنشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن ادائیگی کی تاریخ سے محض دو روز قبل یعنی 29 جو لائی کو جاری ہونا ہے۔ وقت کی شدید کمی اور اس محدود مدت کے باعث بینکوں کے لیے نئی شرح کے مطابق ادائیگیوں کا مکمل ڈیٹا بروقت اپ ڈیٹ کرنا ممکن نہ ہو سکا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں پنشنرز کو اضافہ شدہ پنشن ان کے تمام بقایا جات (ایریئرز) سمیت ادا کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری
پنشنرز میں تشویش اور تحفظات کی لہر:
دوسری جانب یکم اگست کو اضافہ شدہ رقم نہ ملنے کے باعث ملک بھر کے ریٹائرڈ ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وقت پر ادائیگی نہ ہونے اور حاضر سروس ملازمین کے مقابلے میں پنشنرز کو مسلسل کم ریلیف ملنے پر ریٹائرڈ ملازمین کے حلقوں میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔
پنشنرز کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں بجٹ میں اعلان کردہ اضافے سے ان کو فوری طور پر کچھ سہارا ملنے کی امید تھی، لیکن تاخیر سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کی وجہ سے ان کو اس ماہ پرانی شرح پر ہی پنشن کے حصول پر اکتفا کرنا پڑے گا اور اب ستمبر کی ادائیگی کا انتظار کرنا پڑے گا۔




