مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کی پولنگ 2 اگست کو ہوگی، جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں، کیونکہ اگر عوام ووٹ ڈالنے کے بجائے گھروں میں بیٹھے رہیں تو بعد میں جلسوں، جلوسوں اور احتجاج کے ذریعے مسائل کا حل ممکن نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوری تبدیلی کا واحد راستہ بیلٹ پیپر ہے، اس لیے ہر ووٹر اپنی رائے کا اظہار ووٹ کے ذریعے کرے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خودمختار آئینی ادارہ ہے جو کسی بھی فرد یا ادارے کی ہدایت یا ڈکٹیشن پر کام نہیں کرتا بلکہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد شکست کھانے والے اُمیدواروں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات عائد کرنا ایک معمول بن چکا ہے، تاہم الیکشن کمیشن شفاف، آزاد اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔
ان کے بقول موجودہ انتخابات آزاد کشمیر کی تاریخ کے مشکل ترین انتخابات ہیں، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں، اُمیدواروں اور ووٹرز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پہلی مرتبہ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے بھی سکیورٹی اہلکار آزاد کشمیر میں تعینات کیے جا رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن بروقت ، سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ، چیف الیکشن کمشنرجسٹس ر غلام مصطفیٰ مغل
انہوں نے کہا کہ ووٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس بھی ہائی الرٹ رہے گی، جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر آٹھ اور حساس پولنگ اسٹیشنوں پر چھ سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
اضافی سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو بھی باضابطہ مراسلہ ارسال کیا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے-31 کھاوڑہ اور ایل اے-28 لچھراٹ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اور وہاں غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر امن و امان کی صورتحال موجودہ انداز میں برقرار رہی تو ضلع راولاکوٹ کے انتخابات میں ردوبدل کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم عباسپور، ہجیرہ، باغ اور حویلی میں انتخابات ہر صورت مقررہ شیڈول کے مطابق کرائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پونچھ ڈویژن کے بغیر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی مکمل نہیں ہوتی، تاہم حکومت سازی کے حوالے سے اس مرحلے پر کوئی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے پہلے مرحلے کی پولنگ کو مجموعی طور پر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کوٹلی میں تقریباً 49 فیصد، بھمبر میں 48 فیصد جبکہ میرپور میں 33 فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات کو صاف، شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار بنائینگے ، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ دوسرے مرحلے میں ووٹر ٹرن آؤٹ مزید بہتر ہوگا اور عوام بھرپور انداز میں جمہوری عمل میں حصہ لے کر آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو کامیاب بنائیں گے۔




