مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے شدید ردعمل دے دیا۔
شاہ غلام قادرنے کہا کہ آج کل مظفرآباد میں قیام پذیر چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آزاد کشمیر انتخابات پر گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں، بلاول بھٹو کے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں فیصلے بلٹ سے نہیں بیلٹ سے ہونے چاہئیں،پی ٹی آئی کی طرف ہاتھ بڑھاوں گا، بلاول بھٹو
انہوں نےکہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنا فیصلہ مسلم لیگ ن کے حق میں دیا، نکیال نشست پر اعتراض بے بنیاد ہے،نکیال میں فتح محمد کریلوی تاریخی سیاسی خاندان کی کامیابی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔
قیام پاکستان سے پہلے آزاد کشمیر کی بڑی شخصیت فتح محمد کریلوی کے پوتے نے سیٹ جیتی،سردار عمیر نعیم کی کامیابی عوامی مینڈیٹ کا ثبوت ہے، راجہ ایاز کی کامیابی عوام کے اعتماد کی عکاس ہے،بعض حلقوں میں پیپلز پارٹی کا امیدوار ہی موجود نہیں تھا۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ جہاں امیدوار نہیں تھا وہاں دھاندلی کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے، میرپور سٹی میں مبینہ دھاندلی پر پیپلز پارٹی خاموش کیوں ہے؟ بلاول بھٹو آزاد کشمیر کا ماحول خراب کرنے سے گریز کریں۔
آزاد کشمیر کے حقوق پر سیاست اور بلیک میلنگ قبول نہیں،مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کسی دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، ہم آزاد کشمیر کے عوام کے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو اور وفاقی وزراء کی ملاقات،انتخابی ماحول پرامن بنانے پراتفاق
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو حلقوں کا دورہ کریں، عوامی رائے خود سامنے آ جائے گی،میرپور ڈویژن کے نتائج سے پیپلز پارٹی پریشان ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار شامل نہ کیے جاتے تو پیپلز پارٹی کے پاس امیدوار بھی نہ ہوتے۔
ہماری قیادت کے خلاف بیان بازی سے پہلے حقائق کا جائزہ لیا جائے،2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن کی تمام 9 نشستیں مسلم لیگ ن جیتے گی،بلاول بھٹو اپنے معلوماتی ذرائع کا ازسرنو جائزہ لیں۔




