فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو اگرچہ اپنے طویل بین الاقوامی کیریئر میں پرتگال کو فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، لیکن دولت اور آمدنی کے لحاظ سے وہ دنیا کے امیر ترین ایتھلیٹس میں شامل ہیں۔
فوربز کی تازہ رپورٹ کے مطابق رونالڈو کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد وہ کھیلوں کی دنیا کی تاریخ کے چند امیر ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران رونالڈو کی مجموعی آمدنی 300 ملین ڈالر رہی۔ اس حساب سے ان کی آمدنی میں ہر منٹ تقریباً 570 امریکی ڈالر کا اضافہ ہوتا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں ایک لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد بنتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان
فوربز کے مطابق رونالڈو کی آمدنی میں نمایاں اضافہ 2023 میں سعودی عرب کے کلب Al Nassr FC کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد ہوا۔ بعد ازاں 2025 میں اس معاہدے کی تجدید بھی کی گئی، جس کے تحت وہ سالانہ 200 ملین ڈالر سے زیادہ معاوضہ وصول کر رہے ہیں۔
رونالڈو کی کمائی صرف فٹبال تک محدود نہیں بلکہ عالمی برانڈز کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدے، مختلف کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی ان کی دولت میں نمایاں اضافہ کر رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ ،کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور تاریخ رقم کر دی
اگرچہ پرتگال حالیہ فیفا ورلڈ کپ میں ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا، جس کے باعث یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ یہ رونالڈو کا آخری ورلڈ کپ ہو سکتا تھا، تاہم اسٹار فٹبالر نے اب تک بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔




