پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے قائم مقام وائس چانسلر کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے۔
ان کی تقرری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن (SHC & ME) ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 21 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تحت عمل میں لائی گئی۔
یہ ذمہ داری انہیں سابق وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی چار سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد عارضی طور پر سونپی گئی ہے۔
پروفیسرنادیہ نسیم کا شمار ملک کی ممتاز میڈیکل ماہرین، محققین اور ماہرین تعلیم میں ہوتا ہے۔ وہ اس وقت یو ایچ ایس کے شعبہ ماربڈ اناٹومی اینڈ ہسٹوپیتھولوجی کی پروفیسر اور سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اس سے قبل وہ تین سال تک یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر بھی رہ چکی ہیں، جہاں انہوں نے تدریسی اور انتظامی امور میں اہم کردار ادا کیا۔
یو ایچ ایس کے ساتھ اپنے طویل پیشہ ورانہ سفر کے دوران ڈاکٹر نادیہ نسیم نے متعدد کلیدی انتظامی عہدوں پر بھی خدمات انجام دیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا
وہ کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں، جس کے باعث انہیں یونیورسٹی کے امتحانی نظام، تعلیمی پالیسیوں اور انتظامی معاملات کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
ان کی قیادت اور انتظامی صلاحیتوں کو تعلیمی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ڈاکٹر نادیہ نسیم علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کی گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے مکمل کی ۔
جہاں سے ہسٹوپیتھولوجی میں ایم فل اور بعد ازاں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ تدریس اور تحقیق کے شعبوں میں ان کی خدمات نمایاں رہی ہیں۔
تحقیقی میدان میں بھی ڈاکٹر نادیہ نسیم کا ریکارڈ قابل ذکر ہے۔ وہ 120 سے زائد تحقیقی مقالات کی مصنفہ ہیں جبکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد ریسرچ گرانٹس، فیلوشپس اور اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کا وسیع تدریسی، تحقیقی اور انتظامی تجربہ یو ایچ ایس کی تعلیمی اور ادارہ جاتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔




