آزاد کشمیر پولیس

آزادکشمیر پولیس نے راولاکوٹ سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرگردش خبریں مسترد کر دیں

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس راولاکوٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے پیر کی شام راولاکوٹ شہر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے احتجاجی شرکا سے بار بارا پیل کی کہ وہ شہر کے امن وامان کو خراب کرنے سے گریز کرتے ہوئے اپنے احتجاج کو پر امن طریقہ سے ختم کر کے منتشر ہو جائیں ۔

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کی گئی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے نہ صرف زبردستی شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی بلکہ قانون کی صریحاً خلاف ورزی اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں آزاد جموں و کشمیر پولیس کے 02اہلکار زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے غنڈوں کی فائرنگ، 2اہلکار زخمی

دوسری جانب کا اقدم عوامی ایکشن کمیٹی کے سوشل میڈیا ہینڈلرز کی جانب سے حقائق کو مسخ کرتے ہوئے من گھڑت اور ایڈیٹ شدہ ویڈیوز کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے ، اشتعال دلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جس کا مقصد عوامی جذبات کو بھڑکا کر قانون شکنی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ میر پورڈویژن میں عام انتخابات کے کامیاب اور پر امن انعقاد کے بعد کا لعدم عوامی ایکشن کمیٹی شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اس بوکھلاہٹ کے باعث انتخابی نتائج کی گنتی کے دوران ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے ، امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے اور جھوٹی خبروں کے ذریعہ جمہوری عمل کو سبوتا ل کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فنڈنگ لیکرکالعدم ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کونقصان پہنچارہی ہے ،عطاء اللہ تارڑ

پونچھ ڈویژن کی پرامن عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بے بنیاد، گمراہ کن اور اشتعال انگیز خبروں پر یقین کرنے کے بجائے صرف مستند ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

ترجمان نے کہا کہ ریاست قانون کی بالا دستی، امن عامہ اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے ، ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے یا تشدد اور انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔