ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث اموات کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب میں مزید سات اور خیبرپختونخوا میں 3 اموات کی تصدیق کی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے دن ایک بجے تک کے 24 گھنٹوں پر مبنی جاری کردہ روزانہ صورتحال رپورٹ کے مطابق پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ اور اوکاڑہ میں 2، 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جبکہ سرگودھا، نارووال اور سیالکوٹ میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کا الرٹ: ملک بھر میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
خیبرپختونخوا میں ہنگو میں 2 اور شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اتھارٹی کے مطابق اموات کی وجوہات میں مکانات کا انہدام، کرنٹ لگنا اور ڈوبنا شامل ہیں۔
اسی 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں کم از کم 47 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خیبرپختونخوا کے ہنگو میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران مجموعی طور پر 107 اموات ہو چکی ہیں۔
سب سے زیادہ 55 اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں، اس کے بعد پنجاب میں 36، آزاد جموں کشمیر میں 7، بلوچستان میں 6، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص کی موت ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیشگوئی کی ہے کہ 29 جولائی سے ملک کے تمام بڑے دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ ایریاز کے علاوہ آزاد کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں نئی برساتی لہر کا آغاز متوقع ہے تاہم 28 جولائی (منگل) تک ‘سیلابی نوعیت’ کی بارش کا کوئی امکان نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر،بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7افراد جاں بحق
محکمے کے مطابق پیر دوپہر تک تمام بڑے دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ‘وقفے وقفے’ سے بارش، تیز ہواؤں اور جھکڑ کا امکان ہے۔
پیر دوپہر تک 24 گھنٹوں کے لیے صوبہ وار پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، چترال، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، مانسہرہ، مردان، نوشہرہ، شانگلہ، سوابی، سوات، تور غر اور دیر میں بارش کا امکان ہے۔




