اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو بھارت کی جانب سے جارحانہ بیانات اور دباؤ پر مبنی حکمتِ عملی کے ذریعے تبدیل کرنے کی مسلسل کوششیں زمینی حقائق کو نہیں بدل سکتیں۔
ایک ٹویٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے۔ ایسے بیانات سیاسی بیانیے اور دباؤ کی سیاست کے ذریعے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو مسخ کرنے کی ایک اور کوشش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا کریک ڈاؤن، 3500کشمیری گرفتار، متعدد مکان مسمار
یہ نہ تو بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی خطے میں امن، استحکام یا بامعنی مذاکرات کے فروغ میں کوئی کردار ادا کرتے ہیں۔
India’s continued attempts to rewrite internationally recognised legal realities through coercive rhetoric cannot alter the facts. Pakistan categorically rejects the irresponsible remarks made by the Indian Defence Minister. Such statements reflect a continued attempt to distort…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) July 26, 2026
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، جس کے حتمی مستقبل کا فیصلہ متعلقہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ اظہار کردہ رائے کے مطابق ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی بار بار کی جانے والی کوششیں اس کے اپنے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور مجرمانہ سرگرمیوں کے اچھی طرح دستاویزی ریکارڈ کے تناظر میں کوئی اعتبار نہیں رکھتیں۔
حقیقت یہ ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی سب سے بڑی سرپرستی کرنے والا اور عدم استحکام کو فروغ دینے والا ملک ہے، جو اپنے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے ذریعے پورے خطے کو یرغمال بنائے ہوئے ہے۔
اسی طرح بھارت کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی بھی شدید تشویش کا باعث ہے، کیونکہ اس سے خطے میں ریاستوں کے درمیان تصادم کی حد کم ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جنتر منتر نئی دہلی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے چرچے، بھارتی طلبا کے بیان نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور مذاکرات کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کا عزم غیر متزلزل ہے اور اسے ہرگز آزمائش میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ بھارتی وزیرِ دفاع کا یہ بیان بازی دراصل ملک کے اندر جاری سیاسی انتشار، بڑھتی ہوئی بے چینی اور وزیرِاعظم نریندر مودی کے آمرانہ اور تقسیم پیدا کرنے والے طرزِ حکمرانی کے خلاف عوامی عدم اطمینان سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔




