جنگلات حکام کا گرینڈ آپریشن، غیر قانونی لکڑ سے لدی سوزوکی ضبط

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر میں جنگلات کے تحفظ اور غیر قانونی لکڑی کی ترسیل کے خلاف محکمہ جنگلات نے کارروائیاں تیز کر دیں۔ 

اسی سلسلے میں محکمہ جنگلات کی ٹیم نے رات کی تاریکی میں پیر چناسی روڈ پر ایک کامیاب گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی لکڑی سے لدی سوزوکی گاڑی قبضے میں لے لی۔

کارروائی کے دوران گاڑی سمیت لکڑی کو تحویل میں لے کر مرکزی دفتر، یو ٹی بینک روڈ مظفرآباد منتقل کر دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: بلدیاتی الیکشن کا مطالبہ زورپکڑ گیا،تنویر الیاس کو خراج تحسین پیش

تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی ناظمِ اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود اور ناظمِ جنگلات میر نصیر احمد کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جبکہ آپریشن کی نگرانی مہتممِ جنگلات چھاپہ مار ڈویژن مظفرآباد سہیل ناصر خان نے کی۔

محکمہ جنگلات کی ٹیم نے رات گئے پیر چناسی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی کائل کی لکڑی برآمد کی اور اسے لے جانے والی سوزوکی گاڑی نمبر بھی ضبط کر لی۔

آپریشن میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں جواد مغل، سید مظہر حسین شاہ، فہد جہانگیر اور کاشف زمان نے حصہ لیا۔ ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکڑی کی غیر قانونی ترسیل کی کوشش ناکام بنائی۔

ضبط شدہ گاڑی اور لکڑی کو مزید قانونی کارروائی اور ضروری جانچ پڑتال کیلئے محکمہ جنگلات کے مرکزی دفتر، یو ٹی بینک روڈ منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے جنگلات قدرتی ماحول، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن کے تحفظ میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، تاہم غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی سمگلنگ جیسے عوامل جنگلات کے وجود کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بس حادثہ کیس: ملزم امین کو ایک سال قید،30ہزارجرمانے کی سزا

ایسے میں محکمہ جنگلات کی جانب سے رات کے اوقات میں نگرانی اور مؤثر کارروائیاں قابلِ اہمیت اقدام ہیں۔

عوامی حلقوں نے پیر چناسی روڈ پر محکمہ جنگلات کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام اور آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جنگلات کے تحفظ اور ٹمبر مافیا کی حوصلہ شکنی کے لیے ایسی کارروائیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی کٹائی، لکڑی کی ترسیل اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ آزاد کشمیر کے قیمتی جنگلات کو تباہی سے بچایا جا سکے۔