مظفرآباد:ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے ضلع کوٹلی کے ایک شہری حلقہ میں تعینات دو پریزائیڈنگ افسران اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کے بجائے ایک نجی رہائش گاہ پر چلے گئے۔
اس واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو فوری طور پر ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ مذکورہ پریزائیڈنگ افسران سے انتخابی سامان (پولنگ بیگز) فوری طور پر اپنی تحویل میں لے کر انہیں تبدیل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں گرین بسوں سے متعلق بڑا فیصلہ
ترجمان کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے بلا تاخیر کارروائی کرتے ہوئے انتخابی سامان اپنی تحویل میں لے لیا، دونوں پریزائیڈنگ افسران کو ان کی ذمہ داریوں سے ہٹا کر گرفتار کر لیا گیا
الیکشن کمیشن کے مطابق ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر کے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا تاکہ پولنگ کا عمل قانون کے مطابق، شفاف، غیر جانبدار اور بلا تعطل جاری رہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے گئے دونوں پریزائیڈنگ افسران کے خلاف مروجہ انتخابی قوانین اور دیگر قابلِ اطلاق قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر انتخابی عمل کی شفافیت، غیر جانبداری اور قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں، چوہدری محمد یاسین کا چیف الیکشن کمشنر کو مکتوب
انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت، بدانتظامی یا ضابطہ اخلاق اور قانونی ہدایات کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور ایسے تمام معاملات میں فوری، مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد برقرار رہے۔
یاد رہے کہ کوٹلی میں دوپریزائیڈنگ افسران مبینہ طور پر ایک جیالے کے گھر میں موجودتھے جہاں ن لیگی امیدوار فاتح محمود پہنچ گئے تھے اور انہوں نے ویڈیو بناتے ہوئے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔




