جنوبی وزیرستان : چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، 4خارجی دہشتگرد واصل جہنم

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی ۔

25 جولائی کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سمیت خودکش حملہ آور کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی تباہ کر دیا گیا

مزید یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ، ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، ڈی جی آئی ایس پی آر

مجموعی طور پر چار دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ دہشت گرد چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے میں ناکام رہے اور حملے سے چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

سکیورٹی اہلکاروں نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید تین دہشت گردوں کو ایک قریبی عمارت میں محصور کر دیا۔

جنہیں بعد ازاں کلیرنس آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیاں، 11 خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر

بیان میں کہا گیا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی بروقت، بہادرانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کیخلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشتگردوں سمیت ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔