نشانات

آزاد کشمیر انتخابات: ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا، الیکشن کمیشن کا واضح انتباہ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے آمدہ انتخابات کے شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لیے ضابطۂ اخلاق سے متعلق اہم ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی اور صوبائی وزراء کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، تاہم وہ دورانِ مہم کسی بھی قسم کا سرکاری پروٹوکول، سرکاری وسائل یا حکومتی مشینری استعمال کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

نئی سکیموں کے اعلانات پر مکمل پابندی:

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران کسی بھی نئی ترقیاتی سکیم، مالیاتی پیکج، خصوصی سہولت یا عوامی مفاد کے کسی بھی نئے منصوبے کا اعلان کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ ایسے کسی بھی اقدام کو ضابطۂ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

سرکاری سامان کی ضبطگی اور قانونی کارروائی:

ترجمان الیکشن کمیشن نے تنبیہ کی ہے کہ اگر وفاقی یا صوبائی حکومتوں کی جانب سے انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کی گاڑیاں، سامان، امدادی اشیاء یا دیگر سہولیات بھیجی گئیں تو انہیں فوری طور پر ضبط کر کے ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی ۔

الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور وفاقی و صوبائی وزراء کو تمام قوانین پر من وعن عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن کی تحریک پر 27جولائی کو میرپور ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان