اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 24 جولائی تک شدید مون سون بارشوں کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آزادکشمیر،گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی آبی دہشتگردی، چناب میں پانی چھوڑ دیا، سیلاب کا الرٹ جاری
الرٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں باغ، حویلی، پونچھ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع غذر، ہنزہ، نگر، گلگت، دیامر، گانچھے اور شگر کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جبکہ استور، کھرمنگ اور روندو کے دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، پشاور، خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، بنوں، ہنگو، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز بہاؤ اور برساتی ریلوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، زیارت، دکی، بارکھان، ہرنائی، سبی، کچھی، خضدار، لہڑی اور جھل مگسی میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔
دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے چناب مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب جبکہ دریائے جہلم منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ جہلم، چناب اور راوی بیسن کے متعدد نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی بلوکی کے مقام پر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے جبکہ دریائے سوات، پنجکوڑہ، چترال، کابل اور ان کے معاون دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری، محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی
این ڈی ایم اے نے عوام کو حساس مقامات اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ طور پر بند ہونے والی شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے متعلق بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ استعمال کریں۔




