پیٹرول پمپ کل سے 24گھنٹوں کیلئے بند رہیں گے،مالکان کا اعلان

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے جمعرات کی صبح 6 بجے سے 24 گھنٹے کے لیے پیٹرول پمپ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے تمام دھڑوں نے متفقہ طور پر حکومت کے سامنے تین مطالبات بھی رکھ دئیے ہیں۔

پیٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی کال کے بعد حکومت نے پیٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن کو مذاکرات کے لیے طلب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 4 روپے93پیسے ،ڈیزل 7روپے 15پیسے فی لیٹر مہنگا، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن نے بھی آج رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مختلف دھڑوں نے متفقہ طور پر حکومت کے سامنے تین اہم مطالبات رکھے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈیلرز کا پہلا مطالبہ ہے کہ ان کے منافع کا مارجن موجودہ 2.6 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے۔

دوسرا مطالبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے بجائے دوبارہ 15 روزہ یا ماہانہ بنیادوں پر تعین ہے جب کہ تیسرا مطالبہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے نافذ کیے گئے کوٹہ سسٹم کے خاتمے پر مبنی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 18 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سپرد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جب کہ اوگرا نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔

اس فیصلے کے بعد 18 جولائی کی رات آئندہ تین روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 4 روپے93پیسے ،ڈیزل 7روپے 15پیسے فی لیٹر مہنگا، نوٹیفکیشن جاری

حکومت کی نئی پالیسی پر عوام، ٹرانسپورٹرز اور پیٹرول پمپ مالکان مسلسل تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ڈیزل مہنگا ہونے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا، جبکہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے تمام دھڑوں نے روزانہ قیمتوں کے تعین کی پالیسی واپس نہ لینے کی صورت میں احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی دے رکھی ہے۔