مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے کہوڑی کے مقام پر ایک افسوسناک اور خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے دوران پہاڑ سے گرنے والا ایک بھاری پتھر سڑک سے گزرتی ویگو گاڑی پر آ لگا،پتھر لگنے کی شدید ضرب سے گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر نیچے بہتے ہوئے تیز رفتار دریائے نیلم میں جا گری۔
ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد ، سوزوکی وین کو حادثہ، 14 بچوں سمیت 20 افراد زخمی
گاڑی میں سوار افراد اور امدادی کارروائیوں کی تفصیلات:
ذرائع کا بتانا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی ویگو گاڑی میں مجموعی طور پر تین افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کہوڑی کے رہائشی ماجد خان ولد محمد خان کو انتہائی شدید زخمی حالت میں دریا کے تیز بہاؤ سے باہر نکال کر علاج کے لیے فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
دوسری جانب حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور منیر اور سید آصف حسین شاہ نامی شہری دریائے نیلم کے تیز سيلابی بہاؤ میں بہہ گئے ہیں۔ ڈوبنے والے دونوں افراد کی تلاش کے لیے دریائے نیلم کے مختلف مقامات پر ریسکیو اداروں اور مقامی غواصوں کی جانب سے امدادی کارروائیاں اور سرچ آپریشن تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے۔




