میاں نواز شریف اور مریم نواز کل مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے؛ شاہ غلام قادر کا ویڈیو پیغام

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ایک اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز منگل 21 جولائی کو مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مظفرآباد میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسے سے خصوصی خطاب کریں گے۔

شاہ غلام قادر نے اپنے پیغام میں انتخابی عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں الیکشن کا بروقت انعقاد انتہائی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی عوامی مسائل کا بہترین، پائیدار اور حقیقی حل ہیں، اور مسلم لیگ (ن) جمہوریت کی مضبوطی پر کامل یقین رکھتی ہے۔

یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میں جلسے کے اوقات اور تیاریاں:

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر نے جلسے کے شیڈول کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی انتخابی جلسہ کل شام 4 بجے مظفرآباد یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہوگا۔ جلسے کے لیے تمام ضروری انتظامات اور تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جہاں کارکنان اور مقامی قیادت پُرجوش انداز میں پنڈال کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

شاہ غلام قادر نے وادی کے تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اس پاور شو میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: باہر کے لوگ آزاد کشمیر نوکریوں کےلیے آئیں گے،شاہ غلام قادر

عوام اور خواتین سے جوق در جوق شرکت کی اپیل:

اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر، بالخصوص مظفرآباد کے غیور عوام سے مروجہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین و حضرات جوق در جوق اس جلسے میں شرکت کر کے اسے تاریخی طور پر کامیاب بنائیں۔

انہوں نے عوام کو متحرک کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی گراؤنڈ میں آپ کی بھرپور اور ریکارڈ ساز شرکت یہ ثابت کرے گی کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے قائد میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ، پاکستان سےکتنی گہری اور سچی محبت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آئین میں انتخابات کو آگے لے جانے کی گنجائش نہیں ہے،شاہ غلام قادر