باہر کے لوگ آزاد کشمیر نوکریوں کےلیے آئیں گے،شاہ غلام قادر

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وادی نیلم سے امیدوار شاہ غلام قادر نے انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایک بڑے معاشی و ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت کا وژن خطے کو اس قدر خود کفیل بنانا ہے کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کی تلاش میں باہر نہ جانا پڑے۔

شاہ غلام قادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ “ہمارا پلان ایسا ہے کہ اب ہمارے لوگوں کو پنڈی اور کراچی جا کر نوکریاں نہیں کرنا پڑیں گی، بلکہ پھر وہاں سے لوگ یہاں آئیں گے اور کہیں گے کہ ہمیں نوکریاں دیں۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ راستہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے : شاہ غلام قادر کا اعلان

وادی نیلم کے عوام کا شکریہ اور قیادت پر اعتماد:

شاہ غلام قادر نے اپنے حلقے کے عوام سے دلی محبت اور وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں کے غیور عوام کے پہلے بھی احسان مند تھے اور آج بھی ہیں۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا، “آپ لوگوں نے میری عزت میں ہمیشہ اضافہ کیا اور مجھے کبھی گرنے نہیں دیا، میں نے جب بھی یہاں سے الیکشن لڑا آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔”

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ وہ اس بے پناہ محبت، عزت اور انتخابی کامیابیوں پر سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کے اور اس کے بعد اپنے حلقے کے مخلص اور وفادار عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ نبھایا۔