پولیس موبائل ایپ سے چیکنگ،173اشتہاری ومفرور گرفتار،155 چوری شدہ گاڑیاں برآمد

مظفر آباد( کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر پولیس کی جانب سے موبائل ایپ EPP(ای -پولیس پوسٹ) کے ذریعہ چیکنگ وپڑتال کا سلسلہ جاری ،117اشتہاری ومفرور ملزمان گرفتار ،چوری شدہ 155گاڑیاں و موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے آزادکشمیر پولیس کی جانب سے جدید فیچرز پر مشتمل موبائل ایپ EPP(ای -پولیس پوسٹ) کے ذریعہ چیکنگ وپڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔

موبائل ایپ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے اور ملک بھر کے کریمنل ریکارڈ (جس میں مفروران مقدمات، چوری شدہ گاڑیاں، موٹر سائیکلزشامل ہیں) کو اس ایپ کے ساتھ انٹیگریٹ کیا گیا ہے۔

آزادکشمیر کے 10 اضلاع میں کل 2لاکھ 90ہزار 562 افراد اور ایک لاکھ 32 ہزار 342 گاڑیوں کا ریکارڈ چیک کیا گیا جن میں سے 114مجرمان اشتہاری، 59مفروران مقدمات جو کہ پاکستان کے مختلف تھانہ جات کو مطلوب تھے کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے حوالہ کیا گیا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق چوری کی سب سے زیادہ گاڑیاں راولاکوٹ میں 30 پکڑی گئیں جبکہ نیلم سے کوئی بھی گاڑی یا موٹرسائیکل برآمد نہیں ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ اشتہاری 59 میرپور سے پکڑے گئے جبکہ مفرور بھی 30میرپور سے پکڑے گئے، نیلم میں کوئی اشتہاری اور مفرور بھی نہیں گرفتار ہوا۔

155گاڑیاں و موٹر سائیکل جو پاکستان کے مختلف علاقوں سے چوری شدہ تھیں کو بھی ضبط کرتے ہوئے حوالہ مقامی پولیس ومالکان کیا گیا۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ پر مامور عملہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور آزادکشمیر کو جرائم سے پاک کرنے میں پولیس کاساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: آن لائن سکینڈل،تمام اضلاع میں پولیس حکام کیلئے نیا ایس او پی جاری

Scroll to Top