واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے ٹیلی پرامپٹر آپریٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقاریر سے مبینہ فائدہ کمانے کا الزام سامنے آیا ہے۔
امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور آفس وائٹ ہاؤس کے ٹیلی پرامپٹر آپریٹر گیبریل پیریز پر الزام ہے کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی تقاریر میں استعمال ہونے والے مخصوص الفاظ پر شرطیں لگا کر تقریباً ایک لاکھ ڈالر کمائے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخابات سے متعلق خفیہ دستاویزات ریلیز کرنے کا اعلان
ٹیلی پرامپٹر آپریٹر صدر کے مخصوص جملوں اور الفاظ پر آن لائن پیش گوئی مارکیٹ میں خفیہ طور پر شرطیں لگاتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کی تقریر گیبریل پیریز کو ٹیلی پرامپٹر پر چلانے کے لیے پہلے مل جاتی تھی، وہ تقریر کے اہم نکات پر آن لائن گیمبلنگ ایپ پر شرطیں لگا کر جیتا کرتا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ شرطیں مقامی پریڈکشن مارکیٹ پلیٹ فارم پر لگائی گئیں، مشکوک سرگرمی کا پتا چلنے پر پلیٹ فارم نے گیبریل پیریز کا اکاؤنٹ منجمد کر دیا اور معاملہ امریکی ریگولیٹری ادارے کو رپورٹ کر دیا۔
اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، متعلقہ ملازم کو معطل کرکے بغیر تنخواہ رخصت پر بھیج دیا گیا اور وہ اب وائٹ ہاؤس میں خدمات انجام نہیں دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا نے مزید حملے کئے جنگ کا رخ بدل دینگے، ایرانی کمانڈر کی دھمکی
ذرائع کے مطابق تحقیقات کی زد میں آنے والے وائٹ ہاؤس کے ملازم گیبریل پیریز 2016 سے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بطور ٹیلی پرومپٹر آپریٹر وابستہ تھے۔




