شرپسندوں کیخلاف کارروائی ناگزیر،فوج کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا، تنویر الیاس

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر تنویر الیاس خان نے اپنے قافلے پر ہونے والے حملے کے حوالے سے اپنا ویڈیو پیغام جاری کردیا۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وہ حلقہ ایل اے 22 پونچھ 5 میں اپنے آبائی گھر جارہے تھے، جب ان کا قافلہ آزاد کشمیر کی حدود میں داخل ہوا تو تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد یونین کونسل ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سردار تنویر الیاس کا شہید سکیورٹی افسر کے اہلخانہ کیلئے دو کروڑ ،پلاٹ دینے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ حملے میں ان کے ساتھی ایس ایس جی کمانڈو سردار محمد آصف نے انہیں بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، جبکہ قافلے میں شامل دیگر ساتھی بھی زخمی ہوئے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جو عناصر ریاست میں آٹے اور اشیائے خورونوش کی قلت کا شور مچاتے ہیں، وہی خود راستے بند کرکے ریاستی نظام اور عام آدمی کی زندگی کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاملات کو افہام و تفہیم اور ثالثی کے ذریعے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تاہم دہشتگردی اور لاقانونیت کا راستہ اختیار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ریاست کو ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے سردار محمد آصف کا کیا قصور تھا؟ اسی طرح رینجرز، پولیس اور ایف سی کے جوان بھی دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہادتیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے اور ضرورت پڑنے پر فوج کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:تنویر الیاس کے قافلے پر شرپسندوں کا حملہ،گارڈ جاں بحق، متعدد افراد زخمی

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پونچھ سمیت ریاست کے کسی بھی حصے میں ایسے عناصر کو برداشت نہیں کیا جاسکتا جو ریاستی امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو یرغمال بنانے، لاقانونیت پھیلانے اور ریاست کے اندر کسی بھی بیرونی ایجنڈے کو نافذ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جاسکتی۔