آزادکشمیر انتخابات ملتوی سوشل میڈیا پروائرل مراسلہ جعلی ہے، الیکشن کمیشن

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے لیٹر ہیڈ پر ایک جعلی مراسلہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے گردش کر رہا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن واضح طور پر اس جعلی مراسلے کی سختی سے تردید کرتا ہے اور عوام الناس کو آگاہ کرتا ہے کہ مذکورہ مراسلے کا نہ تو الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نہ ہی الیکشن کمیشن آزاد کشمیر سے کوئی تعلق ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا سرکاری ملازمین کی پولنگ 20جولائی کو کروانے کا فیصلہ

تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں، میڈیا نمائندگان اور عوام سے گزارش ہے کہ ایسی بے بنیاد اور گمراہ کن اطلاعات پر ہرگز یقین نہ کریں

صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری خبروں پر اعتماد کریں۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ ان شاء اللہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر، جاری شدہ انتخابی شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے دفاتر نیو سیکرٹریٹ سے جلال آباد منتقل

انتخابی پروگرام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی، اگر کبھی کی جائے، تو اس کا اعلان صرف الیکشن کمیشن کے مجاز اور سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن عوام سے اپیل کرتا ہے کہ غیر مصدقہ اور جعلی معلومات کو پھیلانے سے گریز کریں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر اعتماد کریں۔