بحرین

جوابی کارروائی ، ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق بحرین کے سخیر فوجی اڈے پر موجود امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو ڈرونز کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم س دعوے کی تاحال کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی مسلح افواج کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق بحرین کے اہم سخیر فوجی اڈے کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی عسکری حکام کا دعویٰ ہے کہ ڈرون حملوں کے ذریعے وہاں تعینات امریکی ہیلی کاپٹروں اور جدید ترین جاسوس طیاروں کو کامیابی سے نشانہ بنا کر ناکارہ کیا گیا ہے۔

تاہم، بحرینی حکومت یا امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کی جانب سے تاحال اس دعوے کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں کی جا سکی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی فوج کے چھٹی رات بھی ایران پر حملے، ایئرپورٹس، ریلوے سٹیشن، مواصلاتی نظام نشانہ

دوسری جانب، روسی میڈیا نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ کویت میں بھی ایرانی ڈرونز نے کامیابی سے امریکی پوزیشنز پر وار کیے۔

رپورٹس کے مطابق، حملوں میں امریکی میزائل دفاعی نظام (پیٹریاٹ بیٹری) کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں شدید آگ بھڑک اٹھی اور فوجی تنصیب سے دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

ان حملوں پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کویتی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کا دفاعی نظام کسی بھی فضائی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے چوکنا ہے اور داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران مفاہمتی یادداشت کو ناکام بنانے کی کوشش کس نے کی؟جے ڈی وینس کا بڑا انکشاف

تاہم، کویت کی وزارتِ دفاع نے یہ تسلیم کیا ہے کہ ان تازہ حملوں کے نتیجے میں ملک کی چند اہم ترین دفاعی و سویلین تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے جس سے بھاری مالی نقصان ہوا ہے، البتہ جانی نقصان کی فوری طور پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔