ساجد اقبال عباسی کی دبنگ انٹری، سردار عتیق خان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

دھیرکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر انتخابات سے قبل باغ حلقہ ایل اے۔14غربی باغ میں اہم سیاسی پیشرفت سامنے آگئی۔

جماعت اسلامی آزاد کشمیر ، جموں و کشمیر لبریشن لیگ نے امیدوار سردار ساجد اقبال عباسی کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔

غربی باغ سے طاقتور سیاسی اتحاد کے بعد سابق وزیراعظم وصدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی، تاریخ میں پہلی بار سردار عتیق خان اپنی اسمبلی نشست کھوتے نظر آرہے ہیں۔

جماعت اسلامی اور لبریشن لیگ کے اعلان کے بعد حلقے کی سیاسی صورتحال تبدیل ، انتخابی مقابلہ مزید دلچسپ اورکانٹے دار ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

سردار ساجد اقبال عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی اور لبریشن لیگ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اتحاد صرف انتخابی مفاہمت نہیں بلکہ عوامی حقوق کی جدوجہد کا مشترکہ عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ غربی باغ کی باشعور عوام تبدیلی کا فیصلہ کر چکی ہے اور اب پرانی سیاست کے لیے اس حلقے میں کوئی جگہ نہیں رہی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امیدوار زاہد یٰسین کی وفات،ایل اے24سدھنوتی 2بلوچ کے الیکشن ملتوی

انہوں نے کہا کہ عوام گزشتہ کئی برسوں کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں اور اب وہ ایسی قیادت چاہتے ہیں جو ان کے مسائل کو سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، بہتر تعلیمی سہولیات، معیاری صحت کی خدمات، سڑکوں کی تعمیر، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔

سردار ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی استحکام، شفاف انتخابات اور حقیقی عوامی نمائندگی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام ہی جمہوریت کی بنیاد ہے اور آزاد و منصفانہ انتخابات ہی ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر کی حالیہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی احتجاج اور دیگر معاملات کو طاقت کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پاکستان، اس کے عوام اور قومی اداروں سے محبت رکھتے ہیں اور ریاست کے روشن مستقبل کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

سردار ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ وہ بابائے حریت سید علی گیلانی کے اس نظریے پر یقین رکھتے ہیں کہ “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” اور اسی جذبے کے تحت ریاست کے عوام کے حقوق اور خوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیصل راٹھورکوبڑاجھٹکا، ضلعی صدر پیپلزپارٹی، 22کونسلرز، 4 ڈسٹرکٹ کونسلرزکامستعفی ہونے کا فیصلہ

سیاسی مبصرین کے مطابق اس انتخابی اتحاد کے بعد حلقہ ایل اے-14 غربی باغ میں انتخابی مقابلے کی نوعیت یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور لبریشن لیگ کی حمایت ملنے کے بعد سردار ساجد اقبال عباسی ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے جبکہ سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے امیدوار سردار عتیق احمد خان کو سخت انتخابی مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ سے قبل ہونے والی یہ سیاسی پیش رفت ضلع باغ کی انتخابی سیاست کا سب سے اہم واقعہ قرار دی جا رہی ہے۔

اتحاد کے اعلان کے بعد حلقے میں انتخابی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی آ گئی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی اپنی انتخابی حکمت عملی پر نظرثانی شروع کر دی ہے۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ اتحاد انتخابی مہم کے دوران مؤثر انداز میں برقرار رہا تو حلقہ ایل اے-14 غربی باغ کا مقابلہ آزاد کشمیر کے سب سے سخت اور دلچسپ انتخابی معرکوں میں شمار ہو سکتا ہے۔

عوامی دست و بازو، جماعت اسلامی اور جموں و کشمیر لبریشن لیگ کے اس مشترکہ اتحاد نے ضلع باغ کی سیاست میں نئی صف بندی پیدا کر دی ہے، جس کے اثرات نہ صرف اس حلقے بلکہ آزاد کشمیر کی مجموعی انتخابی سیاست پر بھی مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔