بیٹھک بلوچ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی فائرنگ،ایک اہلکار شہید،8زخمی

بیٹھک بلوچ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندون کی فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شہید،فیڈرل کانسٹیبلری کے ایک اہلکار سمیت8اہلکار اور2محکمہ پی ڈبلیو پی کے ملازمین زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان آئی جی پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کارندوں نے کوٹلی/ تراڑکھل شاہراہ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے آمد ورفت معطل کر رکھی تھی جس کے باعث عام شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا علاوہ ازیں روڈ بندش کے باعث عوام الناس کے لئے روزمرہ استعمال کی اشیا کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے 5 افراد گرفتار، تخریبی سرگرمیوں کے مذموم منصوبے بے نقاب

ترجمان کے مطابق عوام الناس کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منگل کوٹلی / تراڑکھل شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کے سلسلہ میں کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا۔

اس کلیئرنس آپریشن کے دوران بیٹھک بلوچ کے مقام پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں آزاد کشمیر پولیس کا کانسٹیبل عاقب شہید جبکہ آزاد کشمیر پولیس کے 8 اہلکاروں سمیت فیڈرل کنسٹیبلری (FC) کا ایک اور محکمہ PWD کے 02 ملازمین بھی زخمی ہوئے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہےکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ اور شاہراہوں کی بحالی کے لئے تمام ضروری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شاہراہوں کے ذریعہ روزمرہ استعمال کی اشیا کی فراہمی کو بہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی نے خواتین اور بچوں کو بطور ڈھال استعمال کرنا شروع کر دیا، لانگ مارچ سے قبل بڑا ہتھکنڈہ

تمام بند شاہراہوں پر کلیئرنس آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا تا کہ خطہ میں پائیدار امن ، قانون کی عملداری اور شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔ کسی بھی انتشاری یا مسلح گروہ کو شاہراہیں بند کر کے عوام کی زندگی کا روبار تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو یر غمال بنانے کی ہرگز ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔