کالعدم ایکشن کمیٹی کے 5 افراد گرفتار، تخریبی سرگرمیوں کے مذموم منصوبے بے نقاب

آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑنے کی کوششوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں نے ایک اہم آپریشن کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی سے مبینہ طور پر وابستہ پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس بڑی کامیابی سے تنظیم کے نیٹ ورک اور تخریبی منصوبوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق، گرفتاری کے بعد کی جانے والی ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے تنظیم کی اندرونی سرگرمیوں، باہمی رابطوں اور آنے والے دنوں میں کی جانے والی ممکنہ پرتشدد منصوبہ بندی سے متعلق انتہائی اہم اور سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ ان ملزمان کی گرفتاری سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت کے عزائم خالصتاً پرتشدد اور انتشاری نوعیت کے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ سے قبل بڑا ہتھکنڈہ، خواتین اور بچوں کو آگے لا کر انسانی ڈھال بنا لیا

اسلحے کی موجودگی کا اعتراف اور تفتیش کا دائرہ وسیع:

دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے یہ چونکا دینے والا اعتراف بھی کیا ہے کہ ان کے پاس بھاری مقدار میں اسلحہ موجود ہے، جسے مبینہ طور پر مختلف علاقوں میں تخریبی سرگرمیوں اور امن عامہ کو سبوتاژ کرنے کے لیے استعمال کرنے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ اگرچہ اسلحے کی حتمی مقدار اور اس کی نوعیت کے بارے میں سرکاری سطح پر مکمل تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں، تاہم سیکیورٹی ادارے اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے فی الوقت مزید گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ ان کے دیگر روپوش ساتھیوں اور سہولت کاروں کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔ تفتیشی ادارے اس وقت ملزمان کے مبینہ مذموم مقاصد، ان کو ملنے والی مالی معاونت (فنڈنگ) اور رابطہ کاری کے پورے نیٹ ورک کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس انتشاری گروہ کی جڑوں کو مکمل طور پر اکھاڑا جا سکے۔