کویتی حکومت نے نجی شعبہ صحت میں مالیاتی شفافیت لانے اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کیلئے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 10 کویتی دینار سے زائد کی تمام نقد (کیش) ادائیگیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارتِ تجارت و صنعت کی جانب سے جاری کردہ نئے ضوابط کے مطابق، نجی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے ادارے اب مریضوں سے 10 دینار سے زائد کی رقم نقد وصول کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
اس فیصلے کا بنیادی مقصد طبی شعبے میں ہونے والے مالی لین دین کو منظم کرنا اور زیادہ سے زیادہ ادائیگیوں کو منظور شدہ بینکنگ چینلز اور الیکٹرانک ذرائع کی طرف منتقل کرنا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت نے پنشنرز کیلئے ایک نیا اور جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کروادیا
سال 2026 کی وزارتی قرارداد نمبر 110 کے تحت اس نئے قانون کا اطلاق کویت کی وزارتِ صحت سے لائسنس یافتہ تمام نجی ہسپتالوں، طبی مراکز، کلینکس، ہوم کیئر سروسز اور دیگر تمام نجی طبی اداروں پر یکساں ہوگا۔
وزارتِ تجارت و صنعت نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 1979 کے فرمان قانون نمبر 10 کے تحت سنگین جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فری لانسرز کا بڑا کارنامہ،ڈیجیٹل اکانومی میں نیا سنگ میل عبور کر لیا
مزید برآں خلاف ورزی کرنے والے طبی اداروں کو فوری طور پر بند کر دیا جائے گا اور ان کے مالکان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے کیسز مجاز تفتیشی اداروں کو بھیجے جائیں گے۔




