مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)دارالحکومت مظفرآباد میں سیاسی درجہ حرارت میں تیزی ،مسلم لیگ ن کا برارکورٹ میں تگڑا وار، عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔
سابق وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی کے قافلے میں اہم شخصیات کی شمولیت ،شمولیتی پروگرام و جلسہ کے موقع پر پاکستان ذندہ باد ریلی نکالی گئی جس بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کی برارکوٹ آمد پر والہانہ استقبال ، کارکنوں کا جوش و جذبہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے جیتے گی
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر پاکستان کی شہ رگ،کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: محسن نقوی
انہوں نے کہا کہ برارکوٹ کے مقام پر عوام کا جم غفیر اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت نے یہ ثابت کر دیا کہ آزاد کشمیر میں عوام کا اعتماد دن بدن مسلم لیگ (ن) پر مضبوط ہو رہا ہے۔
یونین کونسل پترینڈ سے سابق ممبر ضلع کونسل سردار تسلیم اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔اس موقع پر برارکوٹ میں ایک بڑا انتخابی جلسہ منعقد ہوا، جس کے مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی تھے،۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن شازیہ جدون، رکن اسمبلی نثارہ عباسی، سردار محمد سعید، یعقوب مغل، شہزاد عباسی، ملک شرافت عباسی اور ملک ظہیر عباسی سمیت ضلع مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے لیگی قائدین نے شرکت کی۔
اس سے قبل سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی اور امیدوار اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی ریلی کی صورت میں پنڈال پہنچے تو لیگی کارکنوں نے قائدین کا شاندار استقبال کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن: مسلم لیگ ن کے 45حلقوں کیلئے فوکل پرسنز مقرر
کارکنوں نے دونوں قائدین کو کندھوں پر اٹھا لیا، جبکہ برارکوٹ کی فضائیں مسلم لیگ ن، میاں نواز شریف اور بیرسٹر افتخار گیلانی کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ اس دوران کارکنوں نے ڈھولک کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
بعد ازاں مرتضیٰ جاوید عباسی اور بیرسٹر افتخار گیلانی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو ہار پہنائے اور خوش آمدید کہا۔
جلسے سے مہمان خصوصی مرتضیٰ جاوید عباسی، امیدوار اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی، سابق ممبر ضلع کونسل سردار تسلیم، ذیشان عباسی، یعقوب مغل اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔
مقررین نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام چاہتے ہیں کہ ریاست کو پنجاب کی طرح ترقی یافتہ اور ماڈل خطہ بنایا جائے، نہ کہ سندھ کی طرح کھنڈرات اور پسماندہ بنایا جائے۔
اس موقع پر امیدوار اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی نے نئے شامل ہونے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔




