آئین میں انتخابات کو آگے لے جانے کی گنجائش نہیں ہے،شاہ غلام قادر

اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے شاردا میں کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت، چیف سیکریٹری اور آئی جی صاحب سب نے اس بات کی یقین دہانی دلائی ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں کیونکہ آئین میں اس کو آگے لے جانے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے اور آئین پر عمل کرتے ہوئے الیکشن وقت پر ہی ہونے چاہیئیں۔

شاہ غلام قادر نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان انتخابات کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور انشااللہ مسلم لیگ ن اس بار بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کیمپین کا سلسلہ مکمل طور پر جاری ہے اور اگرچہ ابتدا میں ایک آدھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا، لیکن اس کے بعد اب تمام معاملات بالکل ٹھیک اور پرامن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن مہم: بلاول بھٹو کے آزادکشمیر بھر کے دورے کا شیڈول جاری

آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال:

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اس وقت مظفرآباد، میرپور، باغ اور حویلی سمیت تمام اضلاع بالکل پرامن ہیں اور وہاں انتخابی سرگرمیاں احسن طریقے سے چل رہی ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ صرف راولاکوٹ میں اس وقت تھوڑا سا مسئلہ موجود ہے، تاہم مجموعی طور پر خطے کے دیگر تمام حصوں میں حالات قابو میں اور پرامن ہیں۔

مسلم لیگ ن کے کارکنان کے لیے اہم ترین پیغام:

شاہ غلام قادر نے مسلم لیگ ن کے کارکنان کو متحرک کرنے کے لیے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں کارکنان کو پیغام دوں گا کہ وہ گھر گھر اور دریا دریا پھیل جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کارکنان عوام تک امن، تعمیر و ترقی، پاکستان اور افواج پاکستان سے رشتہ مضبوط کرنے کا پیغام پہنچائیں کیونکہ آزاد کشمیر کو جس ترقی کی ضرورت ہے وہ صرف مسلم لیگ ن ہی کی بدولت مل سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹویوٹا گاڑیاں خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، بینک الحبیب اور انڈس موٹرز کا شاندار مشترکہ منصوبہ

انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ اس مقصد کے حصول کے لیے آپ سب نے دن رات ایک کر کے محنت کرنی ہے اور کام کر کے مسلم لیگ ن کو ان انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار کرانا ہے۔