مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)مانک پائیاں مہاجر کیمپ میں شہریوں کی دیرینہ مشکلات کے حل کیلئے تعمیر کئے جانیوالے پل کا کام ایک مرتبہ پھر شروع کر دیا گیا ۔
یہ منصوبہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے دورِ حکومت میں 2023 میں شروع کیا گیا تھا۔
عید کے موقع پر مہاجر کیمپ کے دورے کے دوران شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کا جائزہ لیتے ہوئے پل کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے عہدے کے لیے سید بازل علی نقوی کو باضابطہ نامزد کر دیا
اس علاقے میں پل نہ ہونے کے باعث آج بھی شہری، بزرگ، بچے اور خواتین دریا عبور کرنے کے لیے ڈولی کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
سابق حکومت کے دور میں تقریباً چھ کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے کا آغاز ہوا، تاہم ایک جانب پل کی تعمیر کے بعد کام روک دیا گیا۔
سردار تنویر الیاس کے دورِ حکومت کے بعد چوہدری انوار الحق کی حکومت نے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے باعث کام روک دیا
جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو طویل عرصے تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں سابق وزیر سید بازل علی نقوی کی کوششوں سے منصوبے پر دوبارہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔
پل کی تکمیل کیلئے تقریباً سات کروڑ روپے کے نئے ٹینڈر کے ذریعے تعمیراتی کام کا آغاز کیا گیا ہے، جبکہ منصوبہ محکمہ تعمیرات و مواصلات کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔
پل پر دوبارہ کام شروع ہونے پر مقامی شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ان کا سفر آسان ہو جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان مسلم لیگ (ن) کا بڑا فیصلہ: بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لیے نامزد
شہریوں کا کہنا ہے کہ جدید دور میں بھی خواتین، بچے اور بزرگ ڈولی کے ذریعے دریا عبور کرنے پر مجبور تھے۔۔
تاہم پل کی تعمیر مکمل ہونے سے انہیں اس مشکل اور خطرناک سفر سے نجات مل سکے گی۔
مقامی آبادی نے امید ظاہر کی ہے کہ اس مرتبہ پل کا تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سفری سہولت میسر آ سکے۔




