اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان نے 4 سے 12 جولائی 2026 تک بوکارامانگا، کولمبیا میں منعقد ہونے والے 56 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین کانسی کے تمغے جیت کر بین الاقوامی سائنس کے مقابلوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے یہ کانسی کے تمغے گورنمنٹ سٹی بوائز اسکول، ڈیرہ غازی خان کے ذوالفقار علی، ایف جی سر سید کالج، راولپنڈی کے علی حمدان علوی، اور دی سائنس اسکول، روات، اسلام آباد کے دانیال شہزاد حامد کی بدولت حاصل کیے۔

اس کے علاوہ، ایچی سن کالج، لاہور کے حزہ محمود اور صدیق پبلک اسکول، راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز نے اپنی شاندار کارکردگی پر اعزازی اسناد حاصل کیں۔
ان مقابلوں میں 90 سے زائد ممالک کے 400 سے زیادہ ممتاز طلبہ نے شرکت کی، جس نے نوجوان طبیعیات دانوں کو اپنی سائنسی معلومات اور مسائل کو حل کرنے کی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ایک معتبر پلیٹ فارم فراہم کیا۔
ان طلبہ کا انتخاب 22 ویں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا، جو کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) کے مشترکہ اقدام سٹیم کیریئرز پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر علی رضا انور نے بین الاقوامی نتھیا گلی سمر کالج کا افتتاح کر دیا
ملک گیر سطح پر سخت انتخابی عمل کے بعد، منتخب طلبہ کو PIEAS کیمپس میں انتہائی سخت تربیتی کیمپس کے سلسلے سے گزارا گیا، جہاں انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی ماہرین سے اعلیٰ سطح کی نظریاتی اور تجرباتی تربیت حاصل کی۔
اس جامع تیاری نے طلبہ کو اعلیٰ ترین بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے اور 56 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پاکستان کی شاندار نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت PIEAS کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر محمد وسیم نے کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تعاون سے کام کرتے ہوئے PIEASثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح بشمول نویں، دسویں جماعت، او-لیول، ایف ایس سی (پارٹ ون اور اےلیول (پارٹ ون کے باصلاحیت طلبہ کی شناخت اور ان کی رہنمائی کیلئے ہر سال فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، اور میتھمیٹکس میں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کا انعقاد کرتا ہے۔
این ایس ٹی سی پاکستان کے 19 شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو تربیتی کیمپس کے ایک سلسلے میں مدعو کیا جاتا ہے،
جہاں بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز میں شرکت کے لیے قومی ٹیموں کے حتمی انتخاب سے قبل انہیں اعلیٰ سائنسی تعلیم و تربیت دی جاتی ہے۔ ایچ ای سی میں قائم اسٹیم کیریئرز پروگرام کا دفتر ان تربیتی سرگرمیوں کو مربوط کرتا ہے اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی شرکت کو ممکن بناتا ہے۔
اس پروگرام کے ہوم انسٹی ٹیوٹس میں فزکس کے لیے PIEAS، بائیولوجی کے لیے NIBGE – C (PIEAS)، کیمسٹری کے لیے جامعہ کراچی کا HEJ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، اور میتھمیٹکس کے لیے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا لاہور کیمپس شامل ہیں۔

یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ پاکستان 2001 سے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ، 2005 سے انٹرنیشنل میتھمیٹیکل اولمپیاڈ، اور 2006 سے انٹرنیشنل بائیولوجی اور کیمسٹری اولمپیاڈز میں حصہ لے رہا ہے۔ اسٹیم کیریئرز پروگرام کے آغاز سے اب تک 365 سے زائد پاکستانی طلبہ انٹرنیشنل سائنس اولمپیاڈز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں، جنہوں نے مجموعی طور پر 144 تمغے جیتے ہیں۔
مزید برآں، اس پروگرام کے تحت منعقد کیے گئے 256 سے زائد اعلیٰ تربیتی کیمپس سے 5,000 سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔ PIEAS
جیسے اداروں اور سائنسی تعلیم، جدید تحقیق، اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے اپنی مسلسل حمایت کے ذریعے، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نوجوان سائنسی ٹیلنٹ کی آبیاری اور ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی میں عمدگی کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔




