میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) میرپور کے نائب صدر افتخار طیب ‘تحریک انصاف’ چھوڑ کر استحکامِ پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابی معرکے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگا، میرپور ڈویژن کے نائب صدر افتخار طیب نے پارٹی کو خیرباد کہہ کر استحکامِ پاکستان پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی خود مختاری اور قومی مفاد کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے،کور کمانڈر کانفرنس
تقریب میں آئی پی پی کے سربراہ عبدالعلیم خان اور آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس نے افتخار طیب کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور انہیں گلے میں پارٹی مفلر پہناکرپارٹی میں شامل کیا۔
اس موقع پر آئی پی پی کے سیکرٹری جنرل نثار انصر ابدالی نے بھی شمولیتی تقریب میں خصوصی شرکت کی ۔ سابق وزیرحکومت نثار انصرابدالی نے بھی انہیں خوش آمدید کہا۔
خیال رہے محض ایک روز قبل ہی پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے اعلیٰ سطح پر افتخار طیب کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کیلئے باضابطہ سفارشات بھجوائی تھیں تاہم ٹکٹ کی سفارشات سامنے آنے کے اگلے ہی روز افتخار طیب نے تحریک انصاف چھوڑکر آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔
دوسری جانب صدر استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس نے نئے شامل ہونیوالوں کو خوش آمدید کہا اور اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ کارکنوں کی امنگوں کا ہر قیمت پر خیال رکھا جائےگا۔



