جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کا بزدلانہ اقدام؛ برمل میں شہری آبادی پر کواڈ کاپٹر حملہ، خواتین و بچوں سمیت 3 افراد شہید، 4 زخمی

وانا/جنوبی وزیرستان:جنوبی وزیرستان کے علاقے برمل میں امن اور عام عوام کے دشمن “فتنہ الخوارج” نے بزدلی کی انتہا کرتے ہوئے شہری آبادی پر کواڈ کاپٹر (ڈرون) سے حملہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 3 مقامی افراد شہید جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مسلسل بڑی کامیابیوں نے خوارج کو شدید بوکھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے باعث وہ اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اب بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، جنوبی وزیرستان کے علاقے برمل میں مسمی محمد گل نامی مقامی شخص کے گھر پر خوارج کی جانب سے ڈرون حملہ کیا گیا۔ اس سفاکانہ حملے کے نتیجے میں گھر میں موجود 3 افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ 4 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیموں نے زخمی افراد کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں انہیں ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان : بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 4 انتہائی مطلوب دہشتگرہلاک

معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا خوارج کی انسان دشمن سوچ کا ثبوت ہے:

فتنہ الخوارج کی جانب سے معصوم شہریوں، بچوں اور خواتین کو مسلسل نشانہ بنایا جانا اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ یہ عناصر نہ صرف ریاست بلکہ عام عوام کے بھی کھلے دشمن ہیں۔ بے گناہ لوگوں کے گھروں پر حملے کرنا، بچوں کی جانیں لینا اور شہری آبادی میں خوف و ہراس پھیلانا ان کی انسان دشمن سوچ اور سفاک طرزِ عمل کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی کا سب سے بڑا نشانہ ہمیشہ عام شہری ہی بنتے ہیں، اور ایسے بزدلانہ حملے نہ کسی مذہب، نہ کسی قانون اور نہ ہی کسی انسانی قدر کے مطابق ہیں۔

عوام دہشت گردوں کی پشت پناہی مسترد کر دیں:

علاقائی معززین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مقامی عوام ان دہشت گرد عناصر کی ہر قسم کی سہولت کاری اور پشت پناہی کو مکمل طور پر مسترد کریں۔ معصوم شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے اور امن کی بحالی کے لیے عوام کو سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہو گا، تاکہ ان سفاک دہشت گردوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے اور خطے کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔