بے نظیرانکم سپورٹ: مستحق خواتین کے لیے اہم ترین ہدایات جاری

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے پروگرام میں رجسٹرڈ تمام مستحق خواتین کے لیے ایک اہم ترین الرٹ جاری کرتے ہوئے درج ذیل ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرنے کی تاکید کی ہے۔ اس نئے الرٹ کا مقصد ادائیگیوں کے نظام کو شفاف بنانا اور خواتین کو دفاتر کے چکر کاٹنے سے بچانا ہے۔

پروگرام انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پہلی اہم ہدایت کے مطابق جن خواتین نے ابھی تک بے نظیر دفتر سے اپنی مخصوص سم وصول نہیں کی، وہ فوری طور پر پہلے اپنی سم حاصل کریں۔ سم ملنے کے 10 سے 12 دن بعد ہی وہ اپنی امدادی رقم وصول کرنے کے لیے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی اور وقت کی بچت:

اس بار سے حکومت کی جانب سے قسط کی ادائیگی روایتی طریقے کے بجائے براہ راست والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ اس جدید طریقہ کار کی بدولت اب خواتین کے لیے رقم لینے کے لیے کسی مخصوص وقت کی کوئی پابندی نہیں ہوگی، بلکہ مستحق خواتین اپنی سہولت اور وقت کے مطابق کسی بھی دن اور کسی بھی مجاز مقام پر جا کر آسانی سے اپنی رقم حاصل کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: موبائل سم کے حصول کی آخری تاریخ میں 30 جون 2026 تک توسیع کا اعلان

جب امدادی رقم آپ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی، تو آپ کے فراہم کردہ موبائل فون نمبر پر ایک معلوماتی ایس ایم ایس موصول ہو گا۔ اس ایس ایم ایس کے اندر اکاؤنٹ میں جمع ہونے والی کل رقم، نکلوائی گئی رقم اور کٹوتی کیے گئے بینک چارجز یا فیس کی مکمل معلومات درج ہوگی۔ واضح رہے کہ 14500 روپے کی قسط کے بینک چارجز 280 روپے مقرر ہیں۔

رقم کی تاحیات موجودگی اور صبر و تعاون کی اپیل:

چونکہ یہ امدادی رقم اب براہ راست آپ کے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کی جا رہی ہے، لہذا رقم نکالنے میں کسی بھی قسم کی جلدی کرنے یا گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ مستحق خواتین جب چاہیں اور جتنی ضرورت ہو، اتنی رقم نکلوا سکتی ہیں کیونکہ یہ رقم ان کے اکاؤنٹ میں تا حیات موجود رہے گی اور کبھی ضائع نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق، چونکہ یہ والٹ اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی کا عمل پہلی بار شروع کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف گرمی کی شدت بھی بہت زیادہ ہے، اس لیے اس پورے عمل میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ بی آئی ایس پی نے تمام بینفشریز اور عام عوام سے شدید گرمی کے پیشِ نظر تعاون اور صبر کی اپیل کی ہے تاکہ کسی قسم کی جلدی کے بغیر آرام سے یہ عمل مکمل کیا جا سکے۔ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایت کے اندراج کے لیے خواتین اپنے متعلقہ بے نظیر دفتر تشریف لا سکتی ہیں جہاں ان کی بہترین رہنمائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 ارب روپے سے زائد کی خرد برد کا تہلکہ خیز اسکینڈل منظرِ عام پر آگیا