جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر،پی سی بی کیساتھ معاہدہ طے

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کئے۔ ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی ترقی کیلئے مل کر کام کرینگے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سردار تنویر الیاس ،نثار انصر ابدالی،علی شان سونی آئی پی پی میں شامل

دونوں ممالک آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔

معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:طاہر ایوب لون کا ٹی ایل پی پلیٹ فارم سے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

علاوہ ازیں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نےسعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، دونوں ممالک نے سیکیورٹی، انسدادِ جرائم اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کی اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،

دونوں ممالک مختلف شعبوں خصوصاً سیکیورٹی کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کے فروغ اور مشترکہ اقدامات کو نئی جہت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔