لاہور سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات اور سرکاری ملازمین کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں، خصوصاً طلبہ و طالبات کے لیے مریم نواز ای بائیک اسکیم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا شاندار اعلان کرتے ہوئے ایک سال کے دوران ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
اس اہم اور عوامی منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے تمام اہل طلبہ صرف 2,100 روپے ماہانہ بلاسود قسط پر جدید الیکٹرک بائیک حاصل کر سکیں گے۔ اس اسکیم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ہر بائیک پر پنجاب حکومت کی طرف سے 70 ہزار روپے کی خطیر سبسڈی فراہم کی جائے گی، جس سے بائیک کی مجموعی قیمت میں نمایاں کمی واقع آئے گی۔
الیکٹرک بائیک حاصل کرنے کا طریقہ کار اور ڈاؤن پیمنٹ:
حکومتی منصوبے کے مطابق عام طلبہ کو الیکٹرک بائیک کے حصول کے لیے 14 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ جمع کرانا ہوں گے، جس کے بعد وہ صرف 2,100 روپے کی معمولی ماہانہ اقساط ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔ تاہم، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک خصوصی رعایت کا اعلان بھی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک موٹرسائیکلز، رکشوں، گاڑیوں پر کتنی سبسڈی ملے گی؟
وزیراعلیٰ کے اعلان کے مطابق اہل طالبات کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس پنجاب حکومت خود اپنے فنڈز سے ادا کرے گی۔ اس طرح طالبات کو بائیک حاصل کرتے وقت کوئی بھی یکمشت رقم ادا نہیں کرنا ہوگی، بلکہ وہ بغیر کسی ایڈوانس کے صرف 2,100 روپے ماہانہ قسط ادا کر کے اس سفری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔
سرکاری ملازمین کے لیے اسکیم کا دائرہ کار اور اہلیت کے معیار کا اعلان:
پنجاب حکومت نے طلبہ کے ساتھ ساتھ اس بہترین اسکیم کا دائرہ کار اب سرکاری ملازمین تک بھی بڑھانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے، تاکہ ملازمین بھی آسان اور بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیکس حاصل کر سکیں۔ ای بائیک اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی:
- امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے۔
- امیدوار پنجاب کے کسی بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں بطور ریگولر طالب علم داخلہ حاصل کر چکا ہو۔
- امیدوار کے پاس موٹرسائیکل کا کارآمد لرنر پرمٹ یا مستقل ڈرائیونگ لائسنس موجود ہونا لازمی ہے۔
شفاف قرعہ اندازی اور لاہور میں کرائے پر بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ:
حکومت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ اگر موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد مقررہ کوٹے سے زیادہ ہوئی تو کامیاب امیدواروں کا انتخاب شفاف الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کے لیے حکومت نے منصوبے کے پہلے مرحلے میں لاہور میں عوام کو کرائے پر 10 ہزار الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: اٹلس ہونڈا: جدید خصوصیات کے ساتھ ہونڈا سی ڈی 70 کا 2026 ماڈل متعارف
اس مقصد کے لیے لاہور شہر کے مختلف مقامات پر 300 جدید ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جہاں شہری باآسانی بائیکس چارج کر سکیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے شہریوں کو کم خرچ، ماحول دوست اور جدید سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ پٹرول پر انحصار کم ہونے سے سفری اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔




