مذاکرات

دوحہ ،امریکا ،ایران مذاکرات میں بڑی پیشرفت ،بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، بیٹھک میں مفاہمتی یادداشت سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

ترجمان کے مطابق قطری اور پاکستانی ثالثوں کی امریکہ اور ایران کے وفود کے ساتھ علیحدہ ملاقاتوں میں متعدد نکات پر پیشرفت ہوئی ہے، جہاں فریقین نے آئندہ بھی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی سپیکر کا امریکا سے مزید مذاکرات سے صاف انکار، شرائط رکھ دیں

جاری بیان کے مطابق اگلا اجلاس جلد از جلد منعقد کیا جائے گا تاہم یہ ملاقات ایران کے سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے بعد طے کی جائے گی۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق یہ بات چیت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

قبل ازیں ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ فریقین نے معاہدے کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کے لیے رابطہ چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا، جب کہ اہم معاملات پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

کاظم غریب آبادی نے اعلان کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عمل درآمد سے متعلق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والا مذاکراتی دور مکمل ہوگیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دوحہ میں ہونے والی ملاقاتیں صرف اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے تھیں، جن میں لبنان کی صورتِ حال، ایران کے منجمد اثاثوں تک رسائی اور دیگر اہم امور زیرِ بحث آئے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا سے مذاکرات،ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کی تردید کردی

غریب آبادی نے بتایا کہ قطری حکام، بشمول مرکزی بینک کے عہدیداروں، کے ساتھ ملاقاتوں میں ایران کے منجمد اثاثوں میں سے ابتدائی 6 ارب ڈالر کے ایک حصے کے استعمال کے طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوئی۔

ان کے مطابق اتفاق کیا گیا کہ ایران کی جانب سے فراہم کی جانے والی ضروریات کی فہرست کے مطابق مطلوبہ اشیا خرید کر ایران کو فراہم کی جائیں گی۔