مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا، جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آبادمیں بارش نے کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور توڑ دیا جبکہ آزادکشمیر کے کئی علاقوں میں بادل برسے۔
اسلام آباد کی جناح سپر مارکیٹ میں پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیوں پر درخت گر گیا جبکہ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد اور مضافات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا آغاز، شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا
محکمہ موسمیات نے بارش کا یہ سلسلہ 6جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ملک میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہوگیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، باغ ، راولاکوٹ سمیت کئی شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو میں پارا چھیالیس اور سبی میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا سب سے زیادہ فیل لائک درجہ حرارت پشاور میں صاٹھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
این ڈی ایم اے نے آئندہ ہفتے کے ممکنہ خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں مون سون بارشوں کے باقاعدہ آغاز کی پیش گوئی
گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات ہیں۔
ترجمان کے مطابق دریاؤں کے کناروں کے کٹاؤ کے ساتھ شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشینری کی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ نشیبی علاقوں اور دریاؤں کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔




