پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ ایک ایکس (X) ہینڈلر کی جانب سے پرانی ویڈیو پر آزاد جموں و کشمیر میں آج احتجاج ہونے کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔
آزاد فیکٹ چیک رپورٹ نے گمراہ کن دعوے کی نشاندہی کی ہے جس میںپرانی ویڈیو پر پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ ایکس ہینڈل امریکا کے شہر بالٹی مور سے آپریٹ کیا جا رہا ہے اور اس کے ذریعے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق غلط معلومات اور پروپیگنڈا پھیلایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پر کالعدم ایکشن کمیٹی کی حمایت میں پروپیگنڈا کرنیوالی بھارتی خاتون بے نقاب
ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ تاثر دیا کہ یہ ویڈیو آج آزاد کشمیر میں ہونے والے احتجاج کی ہے۔
تاہم آزاد فیکٹ چیک کی جانچ کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں۔ فیکٹ چیک میں واضح کیا گیا ہے کہ شیئر کی گئی ویڈیو موجودہ دن کے کسی واقعے سے تعلق نہیں رکھتی بلکہ یہ ایک پرانی ویڈیو ہے جسے موجودہ حالات سے جوڑ کر پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ آزادکشمیر خاص کر مظفرآباد ڈویژن میں حالات بالکل پرامن ہیں اور کاروبار زندگی بھی چل رہا ہے، پی ٹی آئی ہینڈلرز کی کوشش ہے کہ آزادکشمیر کو بنیاد بنا کر ریاست کیخلاف پروپیگنڈا کیا جائے جس میں ناکامی ہی ہوگی۔




