پیٹرول

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج پھرکمی ، وزیراعظم منظوری دیں گے

حکومت آج پھر پیٹرولیم مصنوعات کےنرخوں میں ہفتہ وارجائزہ لے گی جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گرنے کے باعث ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی اُمید کی جا رہی ہے تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد ہی کیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں درآمدی لاگت ایکسچینج ریٹ اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پر مشتمل سمری وزارتِ خزانہ کو بھیج دی ہے۔

وزارتِ خزانہ سمری کا جائزہ لینے کے بعد اسے منظوری کیلئے وزیراعظم کوارسال کرے گی جن کی حتمی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ طورپرنوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ذرائع نے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں نمایاں کمی ہوئی ہے اور فی بیرل نرخ تقریباً گزشتہ چار ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئے ۔ اسی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گنجائش موجود ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ن لیگ اور پی پی کا اتحاد مجبوری کا سودا ہے : وزیر دفاع خواجہ آصف کا سنسنی خیز اعتراف
ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کا امکان ہے تاہم کمی کی حتمی شرح کا انحصار اوگرا کے حساب کتاب ،حکومتی مالیاتی پالیسی اور وزیراعظم کے فیصلے پرمنحصرہوگا۔

دوسری جانب قیمتوں میں ممکنہ کمی سے قبل حکومت اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان اختلافات میں شدت آگئی ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز نے گزشتہ ہفتہ کی قیمتوں میں کمی پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ قیمتوں کے تعین میں عالمی پریمیم اور دیگر درآمدی اخراجات کا درست حساب نہیں لگایا گیا جس کے باعث صنعت کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

آئل انڈسٹری کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ طریقہ کار برقرار رہا تو کمپنیوں کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ قیمتوں کا تعین مقررہ فارمولے اور عالمی منڈی کے رجحانات کے مطابق کیا جاتا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی پاکستان جیسے درآمدی ممالک کیلئے مثبت پیش رفت ہے کیونکہ اس سے نہ صرف عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں ریلیف مل سکتا ہے بلکہ مہنگائی میں کمی اور ٹرانسپورٹ و پیداواری لاگت کم ہونے کے امکانات بھی روشن ہوتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ
اب تمام نظریں حکومت کے فیصلے پر مرکوز ہیں کہ آیا عالمی منڈی میں آنے والی کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جاتا ہے یا آئل انڈسٹری کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں کمی کی شرح محدود رکھی جاتی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کا فیصلہ ہی حتمی ہوگا جس کا اعلان آج متوقع ہے۔