حکومت

پرانی گاڑیوں کی امپورٹ پر پابندی کا خاتمہ؟ حکومت نے بڑا سرپرائزدے دیا

حکومت پانچ سال پرانی استعمال شدہ کاروں کی درآمد کی اجازت دینے پر غور کر رہی ہے ۔

اسلام آباد (کشمیر ٖیجیٹل)حکومت ملک کی آٹوموبائل امپورٹ پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے پانچ سال تک پرانی استعمال شدہ کاروں کی درآمد پر سے پابندی ہٹانے پر غور کر رہی ہے ۔

اس اقدام سے تاجروں و صارفین کو یکساں فائدہ پہنچنے کی اُمید ہے۔ اس پیشرفت کا انکشاف وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال نے ہفتہ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور محصولات کے اجلاس کے دوران کیا۔

نیشنل ٹیرف پالیسی پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری تجارت نے کہا کہ وفاقی حکومت درآمدی ڈیوٹی کو بتدریج کم کرنے اور مسابقت کو بڑھانے اور صارفین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کیلئے ٹیرف کے ڈھانچے کو معقول بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پانچ سال کی مدت میں اضافی کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کو بھی بتدریج کم کیا جائے گا اور بالآخر صفر پر لایا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پانچ سال پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد

جواد پال نے کہا کہ مجوزہ اصلاحات کے تحت کسٹم ڈیوٹی کو پانچ سال کے اندر زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک محدود کیا جائے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح 20 فیصد تک محدود ہو گی ۔ 1 فیصد، 2 فیصد اور 2.5 فیصد کے نچلے ریگولیٹری ڈیوٹی سلیب کو بھی ختم کرنے کی تجویز ہے ۔

مجوزہ تبدیلیوں پرسیکرٹری نے کہا، درآمد شدہ استعمال شدہ گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی 40 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پانچ سال پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر موجودہ پابندی کو ہٹانے پر بھی غور کر رہی ہے ۔

کامرس سیکرٹری نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کی بہبود کو فروغ دینا، مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانا اور آٹوموبائل سیکٹر میں مسابقت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔

کمیٹی کے چیئرمین نوید قمر نے مشاہدہ کیا کہ درآمدات میں اضافے سے مارکیٹ میں زیادہ مسابقت پیدا ہوسکتی ہے اور صارفین کے لیے گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔

 کامرس سیکرٹری نے پینل کو مزید بتایا کہ فی الحال درآمد شدہ گاڑیوں پر لاگو 62 حفاظتی معیارات مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں پر بھی لاگو ہوں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بجٹ 2025-26 : آئندہ بجٹ میں پرانی گاڑیوں پر ٹیکس نرمی کا امکان

انہوں نے ماضی میں ذاتی سامان کی اسکیم کے غلط استعمال پر بھی روشنی ڈالی، یہ بتاتے ہوئے کہ ایسے افراد کے نام اور پاسپورٹ جنہوں نے کم از کم 180 دن بیرون ملک گزارے تھے اکثر گاڑیوں کی درآمد میں سہولت کے لیے استعمال کیے جاتے تھے ۔