آزادکشمیر، کم ازکم اجرت 37 ہزار کرنےکا نوٹیفکیشن جاری، دیہاڑی بھی مقررکردی گئی

مظفرآباد (کشمیرڈیجیٹل) آزاد کشمیر حکومت نے صدرریاست کی منظوری کے بعد غیر ہنر مند ملازمین کی ماہانہ کم از کم اجرت 37ہزار روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹریٹ انڈسٹریز، لیبر اور معدنی وسائلکی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزادکشمیر نےکابینہ اور اجرت بورڈ کی سفارش پر ریاست کےتمام صنعتی اور تجارتی اداروں میں ملازمت کرنے والے غیر ہنر مند کارکنوں کیلئے  پنجاب طرز پر اجرتوں کی  کم از کم شرحوں کو منظوری دیدی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کم سے کم ایک دن کی اجرت1423روپے مقررکی گئی ہے جبکہ 37ہزار روپے ماہانہ اجرت ایک ماہ میں 26دن کام کرنے پر ملے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آجر ملازمین کو رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریگا تو اسکو کٹوتی کی اجات ہوگی،رہائش کی سہولت پر 459روپے اور ٹرانسپورٹ کی ماہانہ 98روپے کٹوتی ہوگی۔

آجر کو خاتون ورکرز کو برابر تنخواہ دینے کا پابند کیا گیا ہے،نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر مذکورہ نوٹیفکیشن سے پہلے کسی مزدور یا ملازم کی تنخواہ زیادہ ہوگی تو وہ کم نہیں کی جاسکے گی۔

کسی بھی مزدور یاکارکن کو مہارت وتجربے کی بنیاد پر زیادہ شرح سے اجرت دی جاسکتی ہے ،10مارچ 2025کوجاری نوٹیفکیشن کااطلا ق 18ستمبر 2024سے کیا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آزادکشمیر ہائیکورٹ نے حکومت کو سرکاری اداروں میں کام کرنیوالے عارضی وایڈہاک ملازمین کو کم ازکم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔

آزادکشمیر کے سرکاری محکموں سمیت پرائیوٹ اداروں میں اس وقت بھی ملازمین 15 سے 20 ہزار روپے ماہانہ پر کام کرنے پر مجبور ہیں، موجودہ نوٹیفکیشن ان کیلئے امید کی کرن ہے اگر اس پر عملدرآمد ہو جاتے تو لیکن ایسا لگتا نہیں ہے۔

Scroll to Top