فیفا ورلڈ کپ،امریکا نے96سال بعد آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی کے اہم میچ میں امریکا نے آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دے کر نہ صرف اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا بلکہ ایونٹ کی 96 سالہ تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

سیٹل میں کھیلے گئے مقابلے میں امریکی ٹیم نے آغاز ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور گیند پر 63 فیصد قبضہ برقرار رکھا۔ امریکی کھلاڑیوں نے مسلسل آسٹریلوی گول پر حملے کیے جس کے نتیجے میں انہیں 11ویں منٹ میں برتری حاصل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: ایران اور نیوزی لینڈ کا سنسنی خیز مقابلہ، دو دو گول سے میچ ڈرا

آسٹریلیا کے دفاعی کھلاڑی کیمرون برجس بدقسمتی سے گیند اپنے ہی جال میں پہنچا بیٹھے، جس سے امریکا کو 0-1 کی برتری مل گئی۔

پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ایلکس فری مین نے شاندار گول کرکے امریکی ٹیم کی برتری دگنی کردی اور اسکور 0-2 ہوگیا۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور کئی مواقع بھی بنائے، تاہم کوئی بھی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ یوں امریکا نے میچ 0-2 سے اپنے نام کرلیا۔

اس فتح کے ساتھ امریکی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ کی 96 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل دو میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ، رونالڈو کا جادو نہ چلا، پرتگال اور کانگو کا میچ برابر ہوگیا

امریکی ٹیم فیفا ورلڈکپ 2026 میں مجموعی طور پر 6 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست ہوگئی اور اگلے مرحلے میں پہنچ گئی جبکہ آسٹریلیا کو اپنے اگلے میچ میں کامیابی کے لیے سخت جدوجہد کرنا ہوگی۔