بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینئر قانون دان چوہدری گلزار احمد ایڈووکیٹ نے اسمبلی انتخابات 2026ءکیلئے بطور امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر سماہنی کے دفتر میں جمع کروا دیئے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری گلزار احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں موجود کشیدہ حالات کے باوجود جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہوئے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے 154لیڈروں ،ممبران کیخلاف سخت ایکشن،بینک اکائونٹس، شناختی کارڈمنجمد
کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر وکلاء برادری، پارٹی کارکنان اور حامیوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ موجود تھی۔
گلزار ایڈووکیٹ کا کہنا تھاکہ حکومت پاکستان، ریاستی اداروں اور حکومت آزاد کشمیر پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ایسے فیصلے کریں جو حالات کو مزید کشیدہ ہونے سے بچا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اور دانشمندانہ اقدامات نہ کیے گئے تو حالات اس نہج تک پہنچ سکتے ہیں کہ عوام کی توجہ انتخابی عمل سے بھی ہٹ جائے گی۔
چوہدری گلزار احمد نے کہا کہ وہ اسلام آباد اور آزاد کشمیر کی قیادت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ معاملات کو مزید بگاڑنے کے بجائے افہام و تفہیم اور درمیانی راستہ اختیار کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد معاہدہ پر دستخط، تکنیکی مذاکرات شروع ہونے کے باعث شہبازشریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ موخر
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ مظلوم اور حق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
پارٹی ٹکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ ان کا حق ہے، تاہم اگر پارٹی قیادت نے کسی اور امیدوار کو ٹکٹ دیا تو وہ پارٹی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اس امیدوار کی بھرپور حمایت کریں گے۔




