فرانس کے فٹبالر ایم باپے نے پیلے اور میسی کو پیچھے چھوڑ دیا

دنیائے فٹبال کے اسٹار کھلاڑی فرانس کے ایم باپے نے سینیگال کے خلاف 2 گول کرکے اس کھیل کے 2 لیجنڈ کھلاڑیوں پیلے اور میسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

فیفا ورلڈکپ 2026 کے سنسنی خیز میچ میں فرانس نے سینیگال کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا ۔ اسٹار کھلاڑی ایم باپے نے 2 گول اسکور کیےجس کے ساتھ ہی ایم باپے نے دنیائے فٹبال کے 2 لیجنڈ کھلاڑیوں پیلے اور میسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ ،تیونس نے پہلے میچ میں شکست پرکوچ کو برطرف کردیا

تیسرا ورلڈ کپ کھیلنے والے ایم باپے کے ورلڈکپ کے گولز کی تعداد اب 14 ہو گئی ہے۔ ارجنٹینا کے کپتان میسی نے ورلڈ کپ کے 26 میچوں میں مجموعی طور پر 13گول کر رکھے ہیں جبکہ برازیل کے سابق لیجنڈری فٹبالر پیلے نے 14 میچوں میں 12گول کیے تھے۔

ایم باپے اب ان دونوں سے آگے نکل گئے ہیں، یہی نہیں بلکہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں اُن کا نمبر تیسرا ہوگیا ہے۔جرمنی کے جیرڈ مولر نے بھی 14 گول کررکھے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں جرمنی کے میرو سلاو کلوزے 16 گول کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ برازیل کے سابق کھلاڑی رونالڈو 15 گولوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026: ایران اور نیوزی لینڈ کا سنسنی خیز مقابلہ، دو دو گول سے میچ ڈرا

یہی نہیں ایم باپے اب فرانس کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

اُن سے پہلے فرانس کے اولیور جیرو نے اپنے ملک کیلئے 57 گول کیے تھے جبکہ ایم باپے کے گولز کی تعداد 58 ہوگئی، یہ اُن کا 99واں انٹرنیشنل میچ بھی تھا۔