اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسم کی صورتحال مختلف رہ سکتی ہے۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کی وجہ سے ملک کے چند حصوں میں شہریوں کو گرمی سے کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر ،گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کے ساتھ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس، میدانی اور ساحلی پٹی پر گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کی موسمی صورتحال:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور میدانی علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم مری، گلیات اور اس کے قریبی پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جس سے وہاں کا درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گرج چمک کے ساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے بڑا الرٹ جاری کر دیا
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بادل برسنے کی امید:
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مجموعی طور پر موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم صوبے کے بالائی اور پہاڑی اضلاع بشمول کوہستان، کوہاٹ، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو حبس اور گرمی سے راحت ملے گی۔
سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر:
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صوبے کے بالائی علاقوں میں گرمی کے ساتھ ساتھ گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بارش اور آندھی کی تباہی، بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے امکانات:
کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی سلسلوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے جبکہ سیاحوں کو بھی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔




