امریکا ایران معاہدہ، وزیراعظم کا ٹویٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

اسلام آباد: امریکا ایران امن معاہدہ سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کا ٹویٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے اور ایک گھنٹہ میں 30لاکھ سے زائد ویوزہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ طویل بات چیت کے بعدہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، امریکا ایران میں امن معاہدہ طے پا گیا، وزیراعظم

دونوں فریقوں نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کو فوری اور مستقل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔دستخط کی باضابطہ تقریب جمعہ 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوگی۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہم ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تنازع کے سفارتی حل کی تلاش کے لیے اپنے عزم کا مظاہرہ کیا۔ ہم اس ثالثی کی کوشش میں اپنے برادر ملک ریاستِ قطر کی عظیم قیادت کے بھی تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جن کی حمایت سے یہ معاہدہ ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میں بالخصوص مملکتِ سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کی دور اندیش قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے اس سلسلے میں بے مثال کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب جبکہ معاہدہ طے پا چکا ہے، ثالث اس ہفتے متعدد ملاقاتوں کا اہتمام کریں گے۔ یہ ابتدائی مشاورتی نشستیں تکنیکی مذاکرات اور سرکاری تقریبِ دستخط کے لیے بنیاد فراہم کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے امریکا کیساتھ امن معاہدہ پر اتفاق کی تصدیق کردی

وزیراعظم نے اپنا ٹویٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، نائب صدر جے ڈی وینس،امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو،اسٹیو وٹکوف،امریکی امن مشن،ایرانی صدرمسعودپزشکیان،ایرانی سپیکر ، باقر قالیباف،ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کو بھی ٹیگ کیا۔